ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی سدرامیا حکومت کو کمزور کرنے کے درپے: ریونا

بی جے پی سدرامیا حکومت کو کمزور کرنے کے درپے: ریونا

Wed, 01 Mar 2017 12:34:56    S.O. News Service

بنگلورو،28؍فروری(ایس او نیوز) سابق وزیر اور رکن کونسل ایچ ایم ریونا نے ریاستی حکومت کی طرف سے کانگریس اعلیٰ کمان کو رقم کی ادائیگی کے متعلق جاری کی گئی ڈائری کو فرضی قرار دیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے بی جے پی جو چاہے حربے آزمالے حکومت یا کانگریس پارٹی ان سے گھبرانے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے خلاف بی جے پی جتنا چاہے بڑا احتجاج کرلے ، لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ بی جے پی نے رقم کی ادائیگی کے متعلق جو ڈائری منظر عام پر لائی ہے وہ مکمل طور پر فرضی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بی جے پی اس بات پر سنجیدہ ہے کہ گووند راجو کی ڈائری کی سی بی آئی جانچ ہونی چاہئے تو پھر مرکزکی مودی حکومت کے خلاف جو ڈائریاں منظر عام پر آئی ہیں جن میں سہارااور برلا گروپوں سے مودی کو رقم کی ادائیگی کا حوالہ دیا گیاہے، ان کی بھی سی بی آئی کے ذریعہ جانچ کرائی جانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف اس سلسلے میں ڈائریاں بلکہ رقم کی ادائیگی کے بارے میں ای میلس کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ ان سب کے باوجود بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ مودی اور ان کے رفقاء پر تمام الزامات بے بنیاد ہیں ، اگر یہ الزامات بے بنیاد ہیں تو پھر گووند راجو کی ڈائری بھی بے بنیاد ہی ہے۔اس مرحلے میں ایک اور رکن کونسل وی ایس اگرپا نے کہاکہ کرناٹک کو بدنظمی اور بدعنوانیوں میں غرق کرکے اقتدار سے بے دخل ہونے اور جیل جانے والے بی جے پی لیڈران کو یہ اخلاقی حق کہاں سے مل گیا کہ وہ کرپشن کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے یڈیورپا اور اننت کمار نے جو سازش کی تھی ایک ویڈیو سی ڈی کے ذریعہ یہ عوام کے سامنے آچکی ہے۔ اگرپا نے کہاکہ سی بی آئی ، محکمۂ انکم ٹیکس، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور دیگر ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے مودی اپنے سیاسی حریفوں کو خاموش کرنا چاہتے ہیں، یہ کبھی ممکن نہیں ہوگا۔میٹنگ میں کویکا کے چیرمین منوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سہارا اور برلا گروپوں سے کروڑوں روپے رشوت لینے والے مودی پہلے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں اس کے بعد بی جے پی دوسروں سے استعفیٰ طلب کرے ۔ احتجاج میں ضلع کانگریس کمیٹی صدر جی شیکھر ، کانگریس لیڈر منجولا نائیڈو ، راجنا ، جے کرشنا مورتی ودیگر موجود تھے۔


Share: